حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع خیرپور کی تحصیل کوٹ ڈیجی پہنچ کر سیلاب متاثرین کی خیمہ بستی کا دورہ کیا اور سیلابی پانی کی تباہ کاریوں کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم تحصیل کوٹ ڈیجی کے آرگنائزر برادر سرفراز علی ملاح ایم ڈبلیو ایم کے رابطہ سیکرٹری مہتاب حسین برادر ذاکر حسین برادر محمد باقر انیل حسین و دیگر تنظیمی کارکن ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر متاثرین سیلاب سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ایک سو متاثر خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین سیلاب کی مشکلات ابھی کم نہیں ہوئیں کیونکہ سردی کا موسم شروع ہوتے ہی گرے ہوئے مکانات میں رہنے والوں کو خیمے اور کمبل کی ضرورت ہے۔ لوگوں کی زراعت تباہ ہونے کے سبب انہیں آٹے اور راشن کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے کہ عوام کو امداد کیوں نہیں ملی ؟ اور آخر بلند و بالا دعووں کے باوجود حکومت متاثرین سیلاب کی مدد کرنے میں کیوں ناکام رہی ؟
علامہ مقصود علی نے کہا کہ ضلع خیرپور کا تحصیل ہیڈکوارٹر کوٹ ڈیجی سیلاب کے باعث تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے مگر سندھ حکومت کی جانب سے اسے مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا۔ حکومت اور فلاحی ادارے متاثرین سیلاب کو گندم کے بیج اور کھاد کی فراہمی میں مدد کریں۔